موسم سرما میں خشک میوہ جات والی خاص چکی بھی شامل ہے۔فائل فوٹو
موسم سرما میں خشک میوہ جات والی خاص چکی بھی شامل ہے۔فائل فوٹو

موسم سرما میں خشک میوہ جات والی خاص چکی

موسم سرما اس وقت اپنے عروج پر ہے، ٹھنڈے موسم میں اکثر و بیشتر سردی کی شدت کم کرنے اور قوت مدافعت بڑھانے کے لیے مختلف سوغاتوں  کا استعال کیا جاتا ہے جن میں موسم سرما میں خشک میوہ جات والی خاص چکی بھی شامل ہے۔

موسم سرما کے آتے ہی گرم تاثیر رکھنے والے خُشک میوہ جات کا استعمال بڑھ جاتا ہے، گھروں میں ٹھنڈ کے دوران مونگ پھلی کا استعمال عام روایت ہے جسے کھانا ہر کوئی پسند کرتا ہے۔

مونگ پھلی سمیت دیگر ڈرائے فروٹس کا استعمال آسانی سے کرنا چاہتے ہیں تو اسے سادہ کھانے کے بجائے گھر ہی میں چِکی بنا لیں، میٹھی  اور مزیدار چِکی بڑوں چھوٹوں سمیت ہر عمر کے فرد کو پسند آتی ہے اور بے شمار فوائد کی حامل بھی ہے۔

گھر میں آسانی سے چِکی بنانے کی ترکیب مندرجہ ذیل ہے ۔

چکی بنانے کے لیے درکار اجزا:

آئل یا گھی، (دیسی گھی لے لیا جائے تو سونے پر سہاگا ہو جائے گا)

سفید تل

مونگ پھلی (چھیل کر دو حصے کر لیں)

مکئی کا آٹا۔     گُڑ

گھر میں مزیدار چِکی بنانے کا طریقہ:

چِکی بنانے کے لیے سب سے پہلے تیل یا گھی کو کڑاہی میں ڈال کر گرم کر لیں، تیل گرم ہوجانے پر اس میں گُڑ ڈالیں اور چمچہ ہلاتے جائیں اور اسے مزید گرم ہونے دیں۔

جب گڑگولڈن شکل اختیار کرلے اور پگھل جائے تو اسی دوران اس میں سفید تل ڈال کر مزید چمچمہ ہلاتے جائیں۔

جب گُڑ اور تِل مل کر گاڑھا محلول بن جائے تو اس میں مونگ پھلی ڈالیں اور پانچ منٹ تک مونگ پھلی کو اس محلول میں اچھی طرح ہلاتے رہیں اور مکس کرتے جائیں، 5 منٹ بعد چعلہا بند کر دیں۔

جب یہ مرکب ٹھنڈا ہونے لگے تو اسے کسی صاف ٹرے یا بڑے برتن میں ڈال لیں۔

گرم چِکی کو برتن میں ڈالنے سے قبل اس میں کارن فلار یعنی مکئی کا آٹا چھڑک لیں، ( تیل بھی لگا سکتے ہیں) ایسا کرنے سے چکی کا آمیزہ برتن پر  چپکے گا نہیں۔

بعد ازاں اسے بیلن کی مدد سے اچھی طرح سیٹ کرلیں، سیدھا، ہموار بنا لیں  اور چھری کی مدد سے اس کی کٹنگ کرتے ہوئے ٹکڑے تیار کر لیں۔

لیجیئے۔۔۔ اس موسم سرما کے لیے صحت بخش اور کھانے میں لذیذ تِلون اور مونگ پھلی کی چکی تیار ہے۔

اس چکی میں مزید میوہ جات جیسے کے بھنے ہوائے خُشک چنے، کاجو، کٹے ہوئے بادام، پستہ اور دیگر میوہ جات بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

یہ چکی ہرعمر کے فرد کے لیے بہتر ہے۔گرم تاثیر رکھنے کے سبب یہ  چکی بچوں کو ضرور کھلائیں۔