ملکی دفاع کے سلسلے میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے جے ایف 17 بلاک بی ڈبل سِیٹ طیارے پاک فضائیہ کے حوالےکر دیےگئے ہیں اور جے ایف 17 بلاک 3 کی تیاری بھی شروع کردی گئی۔
جے ایف 17 بلاک بی ڈبل سیٹ کی فضائیہ کے بیڑے میں شمولیت کی تقریب میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان مہمان خصوصی تھے، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ اور نائیجرین حکام بھی شریک ہوئے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ہمہ وقت مادر وطن کی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے تیار ہے،جب ہم پر جارحیت مسلط ہوئی تو ہم نے اس کا بھرپور جواب دیا تھا،آئندہ بھی مشکل وقت آیا تو وطن کا ہر قیمت پر دفاع یقینی بنائیں گے۔
ائیرچیف مارشل کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات کی تاریخ میں آج تاریخی دن ہے، آج جے ایف 17 بلاک بی کے ڈبل سیٹ طیاروں کی شمولیت ہورہی ہے اور آج ہی کے روز جے ایف 17 بلاک 3 کی طرف بھی پیش رفت کر رہے ہیں، یہ سنگ میل عبور کرنے پر چین کے شکر گذار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جے ایف 17 نے مختلف آپریشنز بالخصوص حربی صورت حال میں اہم کردار ادا کیا، جے ایف 17 نے فروری میں بھارت کی جارحیت میں بھی اہم پلیٹ فارم کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ 2020ء میں کورونا وبا کا عالی چیلنج سامنے تھا،پاک فضائیہ نے کورونا سمیت تمام چیلنز میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا،کورونا کو جے ایف 17 کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا،وزارت دفاعی پیداوار کے بھی شکر گذار ہیں جنہوں نے بھرپور تعاون کیا۔