اسلام آباد: سال نو کے آغاز پر وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 31 پیسے کا اضافہ کردیا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فی لیٹر پیٹرول کی نئی قیمت 106 روپے مقرر کردی گئی ہے جبکہ فی لیٹر ڈیزل کی نئی قیمت 110 روپے 24 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی تھی۔
اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 10 روپے اضافے کی سمری بھجوائی تھی۔ اوگرا نے ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 37 پیسے اضافہ کی سمری بجھوائی تھی تاہم پیٹرولیم ڈویژن نے دونوں تجاویز مسترد کردیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی تجویز جزوی طور پر مسترد کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات دیگر اشیا پر بھی مرتب ہوں گے۔