الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین اسمبلی اور سینیٹرزکو 15 جنوری تک مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوشوارے جمع نہ کرانیوالے ارکان کی رکنیت معطل ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 1195 میں سے 394 ارکان نے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔ ان میں سینیٹ 14، قومی اسمبلی کے 112، پنجاب اسمبلی کے 144، سندھ اسمبلی 48، خیبر پختونخوا کے 50 اوربلوچستان اسمبلی کے 26 ارکان شامل ہیں۔
ای سی پی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ گوشوارے جمع نہ کرانیوالے ارکان سینیٹ انتخاب میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ جن سیاسی شخصیات نے اپنے گوشوارے ابھی تک جمع نہیں کرائے ان میں وفاقی وزرا نور الحق قادری، فواد چوہدری، اسد عمر اورحماد اظہر، شفقت محمود علی حیدرزیدی اور فہمیدہ مرزا بھی شامل ہیں۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ عامر محمود کیانی، خرم دستگیر، محسن شاہ نوازرانجھا، شہباز شریف، زرتاج گل، نوید قمر، خورشید شاہ، خالد مقبول صدیقی۔ مائزہ حمید، حنا ربانی کھر، ناز بلوچ، مصدق ملک، مصطفیٰ نواز کھوکھر، رضا ربانی، محمد علی سیف راجہ بشارت اور حمزہ شہبازنے بھی ابھی تک اپنے گوشوارے الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کرائے۔
ان افراد میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سعید غنی، شرمیلا فاروقی، شہلا رضا، شوکت یوسفزئی، شاہرام خان ترکئی، کامران بنگش اورنگہت یوسفزئی شامل ہے۔