پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعت مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم اور دیگر جبکہ فکشنل لیگ کے سردار رحیم شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں اتحادی جماعت سے ملیر اور سانگھڑ میں حمایت مانگ لی ہے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری فنکشنل لیگ سے مختلف مسائل پر بات ہوئی اور ملاقات میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیر صاحب پگارا کا خصوصی طور شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے ہمیشہ غیر مشروط حمایت کی ہے، جب بھی ان کے پاس آئے تو انہوں نے یقین دہانی کرائی۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ فنکشنل لیگ کےکچھ جائز مطالبات ہیں، ہمیں امید ہے فنکشنل لیگ اس بار بھی ساتھ دے گی اور اس بار ہم زرداری لیگ کو شکست دیں گے۔
فنکشنل لیگ کے رہنما سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں مشترکہ طور پر حکمت عملی بنائی، غلام ارباب رحیم عمر کوٹ سے انتخاب لڑرہے ہیں، ضمنی انتخاب میں میدان خالی نہیں چھوڑنا چاہیے۔