فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب بھرمیں وائی فائی کی مفت سہولت ختم

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں بھاری سالانہ سبسڈی کے باعث پنجاب وائی فائی پراجیکٹ بند کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سال 2017 میں اس وقت کی حکومت نے لاہورو ملتان سمیت صوبے کے 200 مقامات پر مفت سہولت فراہم کرنے کیلیے پنجاب وائی فائی منصوبہ شروع کیا تھا، منصوبے کے لیے سالانہ 19 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ آرہا تھا، گزشتہ سال کے شروع میں بھی پی ٹی سی ایل کو واجبات کی عدم ادائیگی پر وائی فائی کی سہولت عارضی طور پر بند ہوئی تھی، لیکن پھر اس سروس کو بحال کردیا گیا تھا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے اب ایک بار پھرعوامی مقامات پر وائی فائی کی مفت سہولت ختم کردی گئی ہے، سہولت ختم ہونے سے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کے ہزاروں طلبا، ریسرچ اسکالرزاور صحافی مفت وائی فائی کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب کے یونیورسٹی اورکالجزکے طلبا وطالبات مفت سہولت سے مستفید ہورہے تھے، لاہور پریس کلب میں صحافیوں کے لیے بھی وائی فائی کی مفت سہولت میسر تھی، جب کہ لاہورائیرپورٹ، میٹرو بس اسٹیشن ، لاہور ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر پبلک مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت دستیاب تھی۔