اسلام آباد: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی پروازوں کے لیے نئے ایس او پیز جاری کردیے ہیں۔
سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئے ایس او پیز کا اطلاق 31 جنوری 2021 تک کے لیے کیا گیا ہے۔
خلیجی اخبار کے مطابق سی اے اے نے اس ضمن میں مختلف ممالک کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا ہے۔ کیٹگری اے میں شامل 24 ممالک سے آنے والے مسافروں کو ملک میں داخلے کے لیے کورونا ٹیسٹ سے استشنیٰ دیا گیا ہے۔
اخبار کے مطابق سعودی عرب، چین، آسٹریا، قازقستان، سنگاپور، آئرلینڈ، جنوبی کوریا، ناروے، نیوزی لینڈ اور مالدیپ سمیت دیگر 14 ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان داخلے سے قبل کورونا ٹیسٹ سے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے۔
سی اے اے کی جانب سے ترتیب دی جانے والی کیٹگری بی میں ایسے ممالک شامل ہیں جہاں سے پاکستان آنے والے مسافروں کو کم از کم آٹھ دن قبل کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہو گا۔
اخبار کے مطابق کیٹگری سی میں ایسے ممالک کو شامل کیا گیا ہے جہاں سے ملک میں آنے والے مسافروں کو آمد پر بھی کورونا ٹیسٹ کرانا ہو گا۔ اخبار کے مطابق سی اے اے نے تاحال کیٹگری سی میں کسی بھی ملک کو شامل نہیں کیا ہے۔
اخبار کے مطابق جن ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان کا سفر کرنے سے قبل کورونا کی منفی رپورٹ لازمی دینا ہو گی ان میں متحدہ عرب امارات اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔