اگرکسی کو کربلا کا منظر دیکھنا ہے تو وہ میرے خاندان کو دیکھ لے۔فائل فوٹو
اگرکسی کو کربلا کا منظر دیکھنا ہے تو وہ میرے خاندان کو دیکھ لے۔فائل فوٹو

سانحہ مچھ ۔ایک خاندان میں میت کو کاندھا دینے والا کوئی مرد نہیں بچا

بلوچستان کے ضلع مچھ میں دہشت گردوں کے حملے میں مارے جانے والے افراد میں ایک ہی خاندان کے 5افراد بھی شامل ہیں ، اس خاندان میں میت کو کاندھا دینے والا کوئی مرد نہیں بچا۔ ان پانچ افراد کی میتوں سمیت دھرنے میں شامل معصومہ یعقوب علی نے بتایا کہ ان کے اکلوتے بھائی سمیت ان کے خاندان کے پانچ افراد کو بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اگرکسی کو کربلا کا منظر دیکھنا ہے تو وہ میرے خاندان کو دیکھ لے۔ ہمارے خاندان میں جنازہ اٹھانے والا کوئی مرد نہیں بچا۔ جس کے بعد ہم چھ بہنوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے بھائی اور اپنے رشتہ داروں کے جنازے خود اٹھائیں گے۔