مچھ واقعے کے خلاف شعیہ علما کونسل,مجلس وحدت مسلمین کی جانب سےکراچی کے12مقامات پردھرنے دیے گئے ہیں جس کے باعث شہر میں ٹریفک کی صورتحال دگرگوں ہے،دھرنوں کے سبب سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہے۔
شہرکے 12 سے زائد مقامات احتجاجی دھرنا دیا گیا جس میں نمائش چورنگی، نیپا چورنگی، یونیورسٹی روڈ سفاری پارک ، ابوالحسن اصفہانی روڈ عباس ٹاؤن، گلستان جوہرکامران چورنگی، شارع فیصل ناتھا خان، کالونی گیٹ نمبر5 ، ملیر15 ،قائد آباد ،شاہ فیصل کالونی ،نارتھ کراچی پاورہاؤس چورنگی، سرجانی خدا کی بستی اور ناظم آباد نمبر1 چورنگی شامل ہیں۔
احتجاجی دھرنے میں بزرگ ،خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جنہوں نے ہاتھوں میں بینئرزاور پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں
مظاہرین کا کہنا تھا کہ مچھ میں قتل کیے جانے والے افراد کے اہلخانہ کا ایک ہی بنیادی مطالبہ ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان ان کے پاس آئیں اوراس سے اظہار ہمدردی کریں اوراس بات کی یقین دہائی کرائیں کہ 11 کان کنوں کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو جلد ازجلد گرفتارکرکے انہیں عبرت کا نشان بنائیں۔
گزشتہ شام دھرنوں کے سبب سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جبکہ متعدد گاڑیوں کا ایندھن ختم ہوگیا، ٹریفک پولیس کے افسران و جواں سڑکوں پر ٹریفک بحال کرانے کی کوشش کرتے رہے اور شہریوں کو متبادل راستے بتاتے رہے۔
شاہراہ فيصل پر دھرنے کے باعث شاہراہ کےدونوں ٹريک اسٹار گيٹ کے مقام پر ٹريفک کے لیے بند کرديے گئے ہیں۔ نیشنل ہائی وے سےٹاوراورٹاورسےنیشنل ہائی وے ٹریفک کے لیے بند ہے۔ٹریفک جام ہونے سےدفاترجانے والوں کوپريشانی کا سامنا ہے۔
بدھ کوکراچی میں عباس ٹاؤن میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دھرنا جاری ہے۔نارتھ کراچی کی پاورہاؤس چورنگی پربھی مظاہرین دھرنےدے کر بیٹھےہوئے ہیں۔
مجلس وحدت المسلین کی کال پر نمائش چورنگی پر بھی مظاہرین نے روڈ بند کردیا ہے اور ایم اے جناح آنے والی سڑک ٹریفک کی آمد و رفت کےلیے بند کردی گئی ہے۔
شارع فیصل پر ناتھا خان سے کارساز آنےوالا ٹریک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔منورچورنگی سے جوہرچورنگی تک روڈبلاک کردی گئی ہے۔سفاری پارک سے نیپا تک یونیورسٹی روڈ بھی بندکردی گئی ہے۔ملیرسٹی،شاہ فیصل،گلشن اقبال میں بھی مظاہرے جاری ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ پاور ہائوس پر ہونے والے دھرنے کی وجہ سے متبادل راستہ نہ ہونے کی وجہ سے شہری گلیوں میں پھنس گئے 2 سے 3 گھنٹے بعد گلیوں سے نکال کران کو منزل مقصود تک کا راستہ بتایا گیا، نمائش پر دھرنے کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ سی بریز سے گرومندر جانے اورآنے والی سڑک کو بند کردیا گیا، ریڈیو پاکستان سے گرومندر جانے والی ٹریفک کو سی بریز پلازا سے صدر اور نیو پریڈی اسٹریٹ کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اس طرح ضلع سینٹرل سے ٹاور جانے والی ٹریفک کو گرومندر سے نیو ایم اے جناح روڈ سے ہوتے ہوئے انھیں نیو پریڈی اسٹریٹ کی طرف متبادل راستہ دیا گیا جبکہ کامران چورنگی احتجاج کے بعد بند کردی گئی، موسمیات سے چھوٹی گاڑیوں کو کامران چورنگی کی طرف جانے کی اجازت ہے جبکہ بڑی گاڑیوں کا داخلہ منع ہے، منور چورنگی سے کامران چورنگی جانے والی ٹریفک کو پہلوان گوٹھ کی طرف موڑ دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مظاہرے کے باعث پیراڈائیز سے الآمین اپارٹمنٹ کی طرف متبادل راستہ دیا گیا ہے۔