وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں انتہاپسند گروپ بلوچستان کی ہزارہ برادری کو نشانہ بناتے رہے ہیں اوراب یہ انتہاپسند گروپ اسی داعش سے مل گئے ہیں جس نے مچھ واقعے کی ذمے داری قبول کی ہے۔
ترک ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جو کچھ مچھ میں ہوا وہ بہت افسوسناک ہے، ہزارہ برادری کی مدد اور تحفظ کے لیے ہرقدم اٹھائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں انتہاپسند گروپ بلوچستان کی ہزارہ برادری کو نشانہ بناتے رہے ہیں اوراب یہ انتہاپسند گروپ اسی داعش سے مل گئے ہیں جس نے مچھ واقعے کی ذمے داری قبول کی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پہلے جب ہزارہ برادری کو نشانہ بنایا گیا تھا تو میں اپوزیشن میں تھا اورکوئٹہ گیا تھا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، قتل ہونے والے تمام افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا جن کے لواحقین نے وزیراعظم کے پہنچنے تک لاشوں کی تدفین نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔