کراچی میں سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین علی آفندی کا قتل ٹارگٹڈ ہے یا پھر کچھ اور؟ گتھی الجھ گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق زین علی آفندی کے گھر ڈکیتی نہیں کی گئی، قاتلوں نے گھر میں داخل ہوکرملازمین سے زین آفندی کا کمرہ پوچھا، ملزمان زین آفندی کے کمرے میں گئے اور فائرنگ کردی۔
قاتلوں نے زین آفندی کا پستول، موبائل فون اور اہلیہ کی چین چھینی، تفتیشی حکام کو شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر قاتلوں نے واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے ایسا کیا۔
واقعے میں ملوث ملزمان کی تصاویر کے مطابق ملزمان شلوارقمیض اور جوگرز پہنے تھے اور گھر کے باہر کار سے اترے۔
پانچ ملزمان رات 3 بج کر 25 منٹ پر گھر میں داخل ہوئے اور 55 منٹ تک گھر میں موجود رہے، مبینہ طور پر لوٹ مار کی۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مزاحمت پر زین آفندی کو گولیاں ماریں جبکہ گھر میں موجود ملازم کو رسیوں سے باندھ دیا گیا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا وائٹ کرولا گینگ سے تعلق ہے۔