سرگودھا سے کالعدم تنظيم سپاہ محمد سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے ہيں، ملزمان ایک تنظیم کے رہنماء کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سرگودھا سے کالعدم تنظیم کے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تخریبی کارروائی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار دہشت گرد ایک تنظیم کے لیڈر کو قتل کرنا اور فرقہ وارانہ کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کا ماسٹر مائنڈ محمود اقبال عرف میثم پڑوسی ملک سے گروپ کو آپریٹ کررہا ہے، جسے انٹرپول کی مدد سے گرفتار کرنے کی کوشش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ادارے کو حساس ادارے کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ دو دہشت گرد ایک جماعت کے سربراہ کے قتل کے ارادے سے روانہ ہوچکے ہیں، جس پر سی ٹی ڈی نے کوٹ مومن روڈ پر انہیں روکنے کی کوشش کی، ملزمان نے سیکیورٹی ٹیم پر فائرنگ کردی، تاہم اہلکاروں نے دونوں ملزمان مشرف عباس المعروف باواجی اور امیر باز عرف شاہد کو موقع سے گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دھماکا خیز مواد، رائفل، پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئیں، ملزمان نے تحقیقات کے دوران 7 رکنی دہشت گرد گروپ کا انکشاف کیا، جس پر کارروائی کرکے دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
سی ڈی ٹی کے مطابق کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے گرفتار دیگر دہشت گردوں میں نیاز، عدیل عباس، اسلم حسین، بشارت خان اور محمد علی شامل ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کے دوران دستی بم، آئی ای ڈیز، ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز، کلاشنکوف، رائفل، پستول، گولیاں بھاری رقم بھی قبضے میں لے لی۔
ملزمان نے گرفتاری کے بعد انکشاف کیا کہ ان کا مختلف کارروائیوں میں مذہبی رہنماؤں کو قتل کرنے کا منصوبہ تھا، ملزمان کیخلاف سی ٹی ڈی پولیس سرگودھا میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔