قیادت کی اجازت کے بعد استعفیٰ دوں گا۔فائل فوٹو
قیادت کی اجازت کے بعد استعفیٰ دوں گا۔فائل فوٹو

اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہوا ہوں پارٹی سے نہیں، فردوس شمیم

کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہوا ہوں، پارٹی سے نہیں۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ بھیج دیا ہے، تحریک انصاف میری پہلی اور آخری جماعت ہے،کہیں نہیں جارہا۔
سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کی مرکزی قیادت کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے۔ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے انہیں مستعفی ہونے کا کہا تھا۔
فردوس شمیم نقوی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پارٹی چیئرمین کو استعفیٰ واٹس ایپ پر بھیج دیا ہے۔ گورنر سندھ نے اپوزیشن پارٹی کے پارلیمانی لیڈرز کوملاقات کے لیے بلایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر پارٹی قیادت کا فیصلہ منظور ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے بطور اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی تین ماہ قبل بھی استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو جمع کرایا تھا۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں گیس بحران پر وفاقی وزرا کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
کراچی میں گیس بحران پر انہوں نے نہ صرف پی ٹی آئی حکومت بلکہ وزیراعظم عمران خان پر بھی شدید تنقید کی تھی۔
بعد ازاں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام کے ذریعے سخت الفاظ استعمال کرنے پر معافی بھی مانگی تھی۔
فردوس شمیم نقوی کے بعد سندھ اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا جس کا فیصلہ فی الحال نہیں ہوسکا۔