بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں سانحہ مچھ میں قتل ہونے والے کان کنوں کے لواحقین میتوں کے ساتھ کئی روز سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے جو ناکام ہوچکے ہیں جبکہ مظاہرین کی جانب سے داد رسی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد کی شرط عائد کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے مشروط طور پر کوئٹہ کا دورہ کرنے کی حامی بھری ہے تاہم اب سانحہ مچھ کے لواحقین نے تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔
سانحہ مچھ میں جاں بحق کان کن رمضان علی کے بیٹے سجاد حسین نے تادم مرگ بھوک ہڑتال شروع کردی۔
جاں بحق کان کن رمضان علی کے بیٹے سجاد حسین نے بھوک ہڑتال کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے باہر کیمپ لگالیا۔
خیال رہے کہ ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم مظاہرین کے تمام مطالبات مان چکےہیں لیکن ان کا ایک مطالبہ ہے کہ وزیرعظم آئے تو شہدا کو دفنائیں گے، ان کو کہا ہےکہ کسی بھی ملک کے وزیراعظم کو ایسے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، اس طرح ہر کوئی بلیک میل کرے گا، خاص طور پر ڈاکوؤں کا ایک ٹولہ ڈھائی سال سے کرپشن کیسز معاف کرنے کے لیے بلیک میل کررہا ہے۔