دورہ کوئٹہ میں وزیر اعظم کی زیر صدارت کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق اجلاس، سانحہ مچھ پر بھی بریفنگ دی گئی
دورہ کوئٹہ میں وزیر اعظم کی زیر صدارت کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق اجلاس، سانحہ مچھ پر بھی بریفنگ دی گئی

وزیر اعظم عمران خان کی ہزارہ برادری سے ملاقات،سانحہ مچھ پر اظہار تعزیت

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں ہزارہ برادری سے ملاقات کی اور سانحہ مچھ پر اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم عمران خان سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی کوئٹہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
ہزارہ برادری سے ملاقات کے دوران وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر حکام بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔
دورہ کوئٹہ میں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کوئٹہ میں امن و امان کے متعلق اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان سمیت اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو سانحہ مچھ پر بریفنگ دی گئی اور صوبہ کے امن و امان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیر اعظم عمران خان آج دن کو کوئٹہ پہنچے تھے۔ وزیرداخلہ شیخ رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
گزشتہ روز سانحہ مچھ کے متاثرین سے حکومت کے مذاکرات کامیاب ہو گئے تھے اور مظاہرین شہدا کی تدفین کے لیے رضامند ہو گئے تھے۔
مظاہرین کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ حکومت نے تمام مطالبات مان لیے ہیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے دھرنے کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ کئی سالوں سے ہزارہ برادری پر جاری مظالم کو ختم کرنا ہو گا۔
سانحہ مچھ کے متاثرین کا دھرنا ساتویں روز میں داخل ہو گیا تھا اور وفاقی و بلوچستان حکومت کی جانب سے دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کیے گئے تھے۔