فیصل آباد میں ضلعی انتظامیہ نے 8 روپے کا اضافہ کر کے چینی کی قیمت 88 روپے فی کلو مقرر کردی۔
کوئٹہ میں بھی ایک کلو چینی کی قیمت 90سےبڑھ کر 95روپے ہوگئی۔ لاہور اور کراچی میں ایک کلو چینی 90 سے 95 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
گذشتہ ماہ ہی وزیراعظم نے ایک کلو چینی 81 روپے ہونے پر اپنی معاشی ٹیم کو شاباش دی تھی۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کے نام خط لکھ دیا ہے۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہےکہ حکومتی احكامات پرکرشنگ 30 نومبر سے 15-20 روز قبل شروع کی گئی، گنے سے ریکوری انتہائی کم رہی اور ملک تقریباً 3لاکھ ٹن چینی سے محروم ہوا۔
خط میں کہا گیا ہےکہ حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ مڈل مین کو دخل اندازی کی اجازت نہیں ہو گی، کہا گیا تھا 200 روپے فی من گنے کی قیمت یقینی بنائی جائے گی لیکن تمام صوبوں کے کین کمشنر مڈل مین کا کردار ختم کرانے میں مکمل ناکام رہے۔