ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوئنسی 50 سے صفرپرآگئی۔فائل فوٹو
ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوئنسی 50 سے صفرپرآگئی۔فائل فوٹو

رات بھرتاریکی کے بعد بجلی کی بحالی شروع

ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کے سبب ہر طرف اندھیرچھا گیا جس کے بعد پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی بحالی شروع ہوگئی ہے۔

ترجمان توانائی ڈویژن نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق گِدو میں 11 بج کر 41 منٹ پر فالٹ پیدا ہوا۔ فالٹ نے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ کی اور جس کی وجہ سے ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوینسی 50 سے صفر پر آگئی اور ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے۔فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی رہی ہے۔ اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا۔

ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ  فریکوینسی کے یک دم صفر پر آنے کی وجہ سے گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے اور بجلی بند ہوگئی۔ فریکوینسی بحال ہوتے ہی پاور اسٹیشن بھی بحال ہوجائیں گے اور بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بریک ڈاؤن سے متعلق غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں  پر کان نہ دھرا جائے، بریک ڈاؤن کا سبب معلوم کرلیا گیا ہے اور بجلی کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس وقت وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان بجلی کی فراہمی کے لیے جاری کام کی نگرانی کرنے کے لیے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر میں موجود ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان کے مطابق اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ڈی ایچ اے، سواں اور روات کے کچھ علاقوں میں اس وقت صارفین کے لیول تک بجلی بحالی کر دی گئی ہے۔ این ٹی ڈی کے شاہی باغ گرڈ اور بحریہ ٹاؤن میں بھی بجلی بحال ہوگئی ہے، انفرادی فیڈرز کی بحالی ابھی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کے علاقوں میں بجلی بحالی شروع کر دی گئی ہے، بجلی بحالی کو احتیاط اور مکمل پروٹوکول کے ساتھ انجام دیا جا رہا ہے، اس وقت ان کی تمام ٹیمیں گراؤنڈ پر ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ہفتہ اوراتوارکی درمیانی شب 11 بج کر41 منٹ پرگدو میں فالٹ پیدا ہوئی جس کے باعث ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ ہوئی اورایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوئنسی 50 سے صفرپرآگئی۔

کراچی سے خیبر تک پورے ملک میں پاور بریک ڈاؤن کے باعث اندھیروں کا راج ہوگیا۔ حکام کی جانب سے فوری طور پرایکشن لیا گیا اور بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان متحرک ہوئے اور بجلی کی بحالی کے کام کی براہ راست نگرانی شروع کردی۔ دوسری جانب ڈاکٹر شہباز گل بھی ٹوئٹر پر متحرک رہے اور عوام کو تسلیاں دیتے رہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہونے والا بلیک آؤٹ ایک ملک گیر مسئلہ ہے اس کے بارے میں قیاس آرائیاں کرنے سے گریز کیا جائے، عوام سے تحمل کی اپیل ہے، تمام ٹیمیں اس وقت اپنے اپنے اسٹیشنز پر پہنچ چکی ہیں، وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان خود اس سارے بحالی کے کام کی نگرانی کر رہے ہیں، عوام کو وقتا فوقتا آگاہ رکھا جائے گا۔