کسی سے کوئی بیک ڈرو رابطہ نہیں ہورہا،ہم اپنے کاموں میں مصروف ہیں۔فائل فوٹو
کسی سے کوئی بیک ڈرو رابطہ نہیں ہورہا،ہم اپنے کاموں میں مصروف ہیں۔فائل فوٹو

مولانا پنڈی آئے تو انہیں چائے پانی پلائیں گے۔ میجرجنرل بابرافتخار

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ مولانا پنڈی آئے تو انہیں چائے پانی پلائیں گے،ان کی خدمت کریں گے۔

جی ایچ کیو میں ہونیوالی پریس کانفرنس میں سوال و جواب کے سیشن میں ایک صحافی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت وقت کے خلاف  لانگ مارچ کا اعلان کررکھا ہے لیکن اب اس کےسربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وہ راولپنڈی آئیں گے ،ان کا اشارہ جنرل ہیڈ کوارٹرز( جی ایچ کیو) کی طرف تھا، آپ اس پرکیا کہیں گے؟۔

اس سوال کے جواب میں پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھاکہ مجھے ان کے راولپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی اوراگر وہ آنا چاہتے ہیں تو ہم انشاء اللہ انہیں چائے پانی پلائیں گے ، ان کی اچھی دیکھ بھال کریں گے،اس سے زیادہ کیا کہہ سکتا ہوں۔ ان کے اس جواب پر صحافی بھی قہقہے لگائے بغیر نہ رہ سکے۔

میجرجنرل بابرافتخار نے کہاہے کہ دشمن کو جواب نہ دینے کی خبروں میں حقیقت نہیں ،پاک فوج نے ایل او سی پر بھارت کو بھرپور جواب دیا ہے۔

میجرجنرل بابرافتخار نے کہاکہ فوج اپنا کام کررہی ہے،فوج قربانیاں بھی دے رہی ہے،دشمن کو جواب نہ دینے کی خبروں میں حقیقت نہیں ،فوج اپناکام کرتی رہے گی ،پریشانی کی کوئی بات نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاک فوج اورشہدا کی فیملیز کامورال بہت بلند ہے۔

میجرجنرل بابرافتخار نے کہاکہ پاک افغان بارڈر پرباڑفوج نے نہیں حکومت کے احکامات پر لگی ہے،باڑ پاکستان کے عوام کی حفاظت کیلیے لگائی گئی ،انہوںنے کہاکہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں بھی کئی قربانیاں دی ہیں کسی کی مجال نہیں کہ اس باڑ کو اکھاڑ سکے۔

واضع رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے راولپنڈی کی طرف لانگ مارچ کا بھی عندیہ دے رکھا ہے اوراب اس پر پاک فوج کے ترجمان  میجر جنرل بابرافتخارکا موقف بھی آگیا۔