گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی ہے۔فائل فوٹو
گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی ہے۔فائل فوٹو

کراچی میں بڑی دہشت گردی کا خدشہ؛ پولیس ہائی الرٹ

شہرقائد میں مشتبہ سفید گاڑی کے داخل ہونے کی اطلاع پر پولیس الرٹ ہوگئی اورشہر بھر میں اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیراورمنگل کی درمیانی شب شہر بھر میں اچانک اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی، پولیس کی بھاری نفری بھی جگہ جگہ تعینات کردی گئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کو انٹیلی جنس اطلاع ملی ہے کہ شہر میں سفید رنگ کی ایک مشتبہ گاڑی داخل ہوچکی ہے جس کے ذریعے دہشت گردی کی کوئی بڑی واردات کی جاسکتی ہے لہٰذا اس سفید کرولا کو جلد تلاش کیا جائے۔

انٹٰیلی جنس اطلاع کے تناظر میں پیراور منگل کی درمیانی شب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی جانب سے فوری احکامات دیے گئے کہ تمام ایس ڈی پی اوزاورایس ایچ اوز سڑکوں پر موجود رہیں جبکہ اسنیپ چیکنگ فوری طور پر بڑھادی جائے۔ احکامات ملتے ہی کراچی پولیس الرٹ ہوگئی اور شہر بھر میں باقاعدہ طور پرناکے لگادیے گئے ، گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی جبکہ خصوصی طورپر سفید رنگ کی گاڑیوں اورکرولا ماڈل کی گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

ڈیفنس ، کلفٹن ، گذری ، درخشاں ، میٹرو پول ، صدر ، نمائش ، گرومندر ، نیو پریڈی اسٹریٹ ، لیاقت آباد دس نمبر، لیاقت آباد ڈاکخانہ ، راشد منہاس روڈ ، گلشن اقبال ، گلستان جوہر، ٹاوراوردیگر شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری رات بھر تعینات رہی جبکہ اس دوران تمام ایس ایچ اوزاورایس ڈی پی اوز بھی سڑکوں پر موجود رہے تاہم کوئی مشکوک گاڑی نہیں مل سکی۔

یاد رہے کہ کراچی میں پہلے ہی ایک سفید کرولا گینگ انتہائی سرگرم ہے جس نے نہ صرف لوٹ مار کی وارداتیں کی ہیں بلکہ اس گینگ کے کارندے ڈکیتی کے دوران قتل سے بھی نہیں چوکتے  جبکہ چند روز قبل ہی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے اطلاع فراہم کی گئی ہے کہ دہشت گرد شہر میں کسی بڑی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اوراس سلسلے میں کسی سرکاری دفتر کو بھی نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔