ٹک ٹاک کے جنون نے 20 سالہ لڑکی کی جان لے لی ۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے محلہ اللہ آباد میں ٹک ٹاک وڈیو کی ویڈیو بناتے ہوئے 20 سالہ لڑکی سے گولی چل گئی۔ زخمی ہونے پر بیس سالہ زخمی سرور خاتون کلہوڑو کو چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا ، لڑکی کو گولی پیٹ میں لگی جس سے خون کافی بہہ چکا تھا۔ اسپتال پہنچنے کے باوجود وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی کی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ پولیس نے شُبہ کی بنیاد پر بیس سالہ خاتون کے شوہر کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایچ او رحمت عباسی نے کہا کہ پستول کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو ریکارڈ کرنے کے دوران گولی چھوٹنے سے واقعہ پیش آیا۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک بناتے ہوئے گولی چلنے یا کسی کی موت واقع ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔
پاکستان میں ٹک ٹاک کے شوقین افراد کی تعداد لاکھوں میں ہے جو اپنی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پراپ لوڈ کرتے ہیں، اس دوران ہزاروں نوجوان خطرناک انداز میں ویڈیو بنا کر ایپ پر ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں جس کے باعث گزشتہ ایک سال کے دوران درجنوں نوجوان اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
ٹک ٹاک کی وجہ سے اس سے پہلے بھی کئی واقعات سننے میں آ چکے ہیں۔ گذشتہ برس کراچی کے علاقہ گلستان جوہر میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جہاں سیکیورٹی گارڈ سر پر پستول رکھ کر ٹک ٹاک ویڈیوبنارہا تھا کہ اچانک گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔