اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرانے نظام سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے تبدیلی نہیں آنے دیتے، ملک غریب اور مقروض ہو رہا ہے لیکن لوگ محلات میں رہ رہے ہیں۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ای بلنگ، ای بڈنگ اور جی آئی ایس سروسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای بلنگ اور ای بڈنگ کی وجہ سے کرپشن کا خاتمہ ہو گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک ڈیجیٹائزیشن کی طرف جا رہا ہے، لوگ کہتے ہیں کہاں ہے نیا پاکستان؟ یہ ہے نیا پاکستان۔
انہوں نے کہا کہ این ایچ اے میں ماضی میں بہت زیادہ کرپشن ہوتی تھی جس کی وجہ سے سڑکوں کا پیسہ لوگوں کی جیبوں میں چلا جاتا تھا، بدقسمتی سے ملک کے نظام میں کرپشن کو تسلیم کر لیا گیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ جتنی شفافیت ٹینڈر اور بڈنگ میں لائیں گے کرپشن کم ہوتی جائے گی، کوئی ملک رشوت کے نظام کے تحت ترقی نہیں کر سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ آٹومیشن سے دنیا بھر میں تبدیلی آئی اور کرپشن کرنا ناممکن ہوا، جلد ایف بی آر بھی ڈیجیٹائز ہو جائے گا۔