تشدد کرنے والوں میں فرمان، تنزیل، جاوید، عامراور وقاص شامل ہیں۔فائل فوٹو
تشدد کرنے والوں میں فرمان، تنزیل، جاوید، عامراور وقاص شامل ہیں۔فائل فوٹو

اورنج لائن عملے کا پانچ مزدوروں پر ڈنڈوں سے بہیمانہ تشدد

لاہورمیں اورنج لائن اعوان ٹاؤن اسٹیشن کے عملے نے پانچ مزدوروں کو ڈنڈوں سے تشدد کا نشانہ بنایا۔

نجی ٹی وی کے مطابق اعوان ٹاؤن اسٹیشن پر مزدوروں پرعملے کی جانب سے ڈنڈے برسانے کی فوٹیج کے مطابق خاتون سمیت متعدد افراد ڈنڈے اٹھائے دکھائی دے رہے ہیں۔

گلشن اقبال پولیس نے اطلاع ملنے پر مزدوروں کو عملے کے چنگل سے بازیاب کروایا اور عملے کے 6 ملازمین کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے ڈنڈے برآمد کر لیے۔ تشدد کرنے والوں میں فرمان، تنزیل، جاوید، عامراور وقاص شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق زخمی مزدوروں نے میٹرو اسٹیشن کے نیچے سردی سے بچنے کے لیے آگ لگا رکھی تھی۔ ایس پی اقبال ٹاؤن نے کہا کہ ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگرنے واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو انصاف دلایا جائے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، ریاستی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا۔

مزدوروں کا کہنا ہے کہ سردی سے بچنے کیلیے آگ جلائی تو دھواں اٹھنے پر اورنج لائن اہلکاروں نے تشدد کیا۔