چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن احمد یار ہراج نے انکشاف کیا ہے کہ سرکاری اداروں کی خریداریوں میں کروڑوں روپےکا کمیشن وصولی کیا جارہا ہےجب کہ اے جی پی آر آفس مافیا کی شکل اختیار کرگیا ہے۔
احمد یار ہراج نے بتایا کہ حکومتی اداروں کی سالانہ خریداری ایک کھرب روپے سے زائد ہے جبکہ سرکاری اداروں میں سامان فراہم کرنے والے وینڈرسے 5 سے10 فیصد تک کمیشن لیاجاتا ہے۔انھوں نے بتایا کہ جب وزیراعظم عمران خان کو یہ رپورٹ دی تو وہ حیران رہ گئے اور اے جی پی آر میں کمیشن خوری پر وزیراعظم سخت مایوس ہیں۔
چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اکاؤنٹ آفس میں چوکیدار سے لے کر اوپر تک مافیا بنا ہوا ہے،اکاؤنٹ آفس کے معاملات کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں تاہم اگرمتعلقہ افراد نہ سدھرے تو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انھوں نےمزید کہاکہ حکومت اپنےہی اکاؤنٹ آفس میں بیٹھےملازمین کو بھتہ دے رہی ہے،سرکاری اداروں کےملازمین کو ذاتی بلوں پر بھی کمیشن دینا پڑتا پےجبکہ ٹی اے ڈی اے اور میڈیکل بل کی کلیئرنس پر بھی کمیشن مانگا جاتا ہے۔احمد یار نے تسلیم کیا کہ کمیشن وبھتہ خوری اخراجات میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے۔