سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 52عمرکوٹ پر ضمنی ا نتخابات کیلیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے، پولنگ صبح 8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، حلقے میں پی پی کے امیدوار امیر علی شاہ اور جی ڈی اے کے ارباب غلام رحیم میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کی تیاریاں پہلے ہی مکمل کرلی گئیں اور پولنگ اسٹیشنوں پررات گئے انتخابی سامان پہنچادیا گیا۔
پی ایس 52عمرکوٹ کی نشست سابق صوبائی وزیرعلی مردان شاہ کے انتقال سے خالی ہوئی تھی، جس پر اب سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور پی پی امیدوار امیر علی شاہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
ارباب غلام رحیم گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے امیدوار ہیں او انہیں پی ٹی آئی اورایم کیو ایم کی حمایت بھی حاصل ہے۔
پی ایس 52 میں آج عام تعطیل کا اعلا ن کیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کی ہدایت پر انتخابی عمل کی نگرانی کیلئے4 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس 52 کی کل آبادی 3 لاکھ 49 ہزار 773 ہے جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 54 ہزار 174 ہے۔اس حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 83 ہزار 268 ہے جبکہ 128 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 40 حساس اور 50 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔