ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے سبب 26 نومبر سے بند تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کا مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے جس کے تحت نویں سے بارہویں جماعت کے لیے تدریسی عمل شروع ہوگیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزرائے تعلیم کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں ملک بھر میں تقریباً 2 ماہ تک تعلیمی ادارے بند رہنے کے بعد نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی سلسلہ آج سے بحال ہوگیا۔ تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیزپرعمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے جس پر سختی سے عمل کروایا جا رہا ہے۔ طلبہ کو سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسرے مرحلے میں پہلی سے آٹھویں کلاسز کے طلبہ یکم فروری کو اسکول جائیں گے جبکہ یونیورسٹیز بھی یکم فروری سے کھولی جائیں گی۔
واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہرکو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں وزرائے تعلیم کانفرنس میں کئے گئے فیصلوں کی رو سے 26 نومبر سے 24 دسمبر اور پھر 11 سے18 جنوری تک آن لائن کلاسوں کے ذریعے تعلیم دی جاری رہی تھی جب کہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات دی گئی تھیں۔