جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر ہونیوالے سیکیورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے علاقے نرگوسامیں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیاگیاجس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگردعثمان علی اور وحید ہلاک ہو گئے جبکہ ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیاگیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق ٹی ٹی پی سجنا گروپ سے ہے ،ہلاک ہونے والے دہشتگردبارودی مواد تیارکرنے اورتربیت دینے کے ماہر تھے،دہشت گردعثمان 14 اکتوبر2020 میں کیپٹن عمر چیمہ اور پانچ سیکیورٹی اہلکاروں کو شہادت میں ملوث تھا۔
شمالی وزیرستان۔ پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑا دیاگیا
ایک اور واقعے میں شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں دتہ خیل روڈ پرگاں احمد خیل بابری اڈہ کے قریب زیر تعمیر پولیس چیک پوسٹ کو نامعلوم افراد نے بارودی مواد سے اڑا دیا۔ شر پسند رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت چیک پوسٹ پر کوئی موجود نہیں تھا اس لئے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ۔