حکومت کے خلاف فارن فنڈنگ کیس چھ سال سے التوا کا شکار ہے۔فائل فوٹو
حکومت کے خلاف فارن فنڈنگ کیس چھ سال سے التوا کا شکار ہے۔فائل فوٹو

’’یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں‘‘مولانا فضل الرحمن کا شیخ رشید کو چیلنج

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے شیخ رشید کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ کی طاقت کا اندازہ ہے، اگر یہ لوگ راستہ نہ کھولتے توہم کنٹینراٹھا کر پھینک دیتے،یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ سال سے فارن فنڈنگ کیس التوا کا شکار ہے جس کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے۔

اپنی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کے خلاف فارن فنڈنگ کیس چھ سال سے التوا کا شکار ہے، حکومت درخواستیں دے کراس کیس میں تاخیرکر رہی ہے جس کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت نے اپنے اثاثے چھپائے ہیں، ہم بڑے محتاط لب و لہجے میں آئین اور قانون کے دائرے میں بات کر رہے ہیں، اگرحکومت رکاوٹیں کھڑی کرتی تو ہم کنٹینراٹھا کر پھینک دیتے یہ بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں ہمیں ان کی طاقت کا اندازہ ہے یہ ایسی باتیں نہ کریں, راولپنڈی میں 5 فروری کو بڑا جلسہ ہو گا۔۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی جانب سے آج فارن فنڈنگ کیس میں التوا کے خلاف الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں کا احتجاج کیلئے نکلنے سے پہلے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ۔

میڈیا کو بریفنگ دینے کے بعد پی ڈی ایم جماعتوں کے رہنما مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں الیکشن کمیشن کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب حکومت نے بھی احتجاج سے نمٹنے کی تیاری مکمل کرلی ہے، الیکشن کمیشن کے باہر خاردار تاریں لگادی گئی ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔