ن لیگ نے وزیراعظم عمران خان کا فارن فنڈنگ کیس کی براہ راست کوریج کا چیلنج قبول کرلیا۔
رہنما ن لیگ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 6 سال تک اسٹے کے پیچھے چھپنے والے کو آج لائیو کوریج یاد آگئی ہے، عمران خان اپنا یہ شوق بھی پورا کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ برسوں سے وکیلوں کے ذریعے حیلے بہانے کرنے والے عمران خان ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر فارن فنڈنگ کے جوابی پرچے کرارہے ہیں۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ 24 گھنٹے ہوگئے، وزیراعظم نے اب تک فارن فنڈنگ کیس کا ریکارڈ اوپن کرنے کی درخواست نہیں دی، عمران صاحب عوام انتظار کر رہے ہیں ، آپ کب اپنے اعلان پر عمل کریں گے، ‘آن کیمرہ’ بیان کچھ اور ہے اور پچھلے دروازے سے این آر او لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ چیلنج کرتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کی اسکروٹنی ہو اور کارروائی براہ راست نشر بھی کی جائے۔
ادھر الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس پر غیر ضروری اور بغیر شواہد کے تبصروں سے گریز کیا جائے، الیکشن کمیشن میں پہلے ہی اس کیس کی سماعت فریقین کے سامنے ہو رہی ہے اور سماعت کے دوران میڈیا اور دوسرے متعلقہ اشخاص اور ادارے موجود ہوتے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے اس لیے کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی جب کہ عوامی سطح پر کارروائی سے کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہوگی۔