حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے پر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے شدید تنقید کی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نے کہا کہ پیٹرول بم گرانے کے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں کا اثر ضروریات زندگی کی تمام اشیاء پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا حکومت نے عوام کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ نااہلی کے عذاب کا ہر ہفتے مقابلہ کرسکیں ؟ غریب کیسے زندہ رہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا، اس شخص کا وزیراعظم کی کرسی پر گزارا گیا ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے۔
مریم نے کہا کہ جو حکومت عوام کے ووٹ سے نہیں آتی اسے نہ عوام کا احساس ہوتا ہے نہ وہ عوام کو جوابدہ ہوتی ہے، یہ سمجھ گیا ہے کہ اس کی ناجائز حکومت کے ساتھ اس کی سیاست بھی ختم۔