اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کے روز انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہیڈ کوارٹرز آمد پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ملکی اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی سیکیورٹی کیلئے آئی ایس آئی کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے آئی ایس آئی کی آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، ایئرچیف مجاہد انورخان اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد نیازی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
اس ضمن میں جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں اعلیٰ قومی اور عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی صورتحال پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا تھا۔
وزیراعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز کے خلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا تھا۔