وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت نے کوئی فارن فنڈنگ نہیں لی۔ انھوں نے حکومتی ترجمان اور پارٹی رہنماؤں کو فارن فنڈنگ پر فرنٹ فُٹ پر کھیلنے اور اپوزیشن کو ٹم ٹائم دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں فارن فنڈنگ کیس سمیت دیر امور زیرِ بحث آئے۔
وزیراعظم عمران خان نے بھی ماضی کی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ماضی کے حکمرانوں کے مہنگے پلانٹس کے معاہدوں کی وجہ سے مہنگی ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کبھی فارن فنڈنگ نہیں لی۔
وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کی بڑی جماعتیں غیر ملکی فنڈنگ لیتی رہی ہیں۔
رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے ممنوعہ فنڈنگ کیسز پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن پاکستان نے اب باقی جماعتوں کو بلالیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ وہ فارن فنڈنگ کیس پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں۔
اجلاس کے دوران ترجمانوں کو براڈ شیٹ اور بجلی کے معاملہ پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ براڈ شیٹ پر کمیٹی بنادی ہے وہ تحقیقات کرے گی، براڈ شیٹ معاملہ کی مکمل تحقیقات قوم کے سامنے لائیں گے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ براڈ شیٹ سے ماضی کے حکمرانوں نے زیادہ فائدہ اٹھایا۔