پاکستان بھر میں لوگوں کو موبائل پر اس قسم کے میسجز موصول ہوئے کہ اسٹیٹ بینک نے 23 جنوری سے اے ٹی ایم سے 1000 روپے سے زائد رقم نکلوانے پرپابندی عائد کردی، اس حوالے سےاسٹیٹ بینک آف پاکستان نے میسجز کو جعلی قرار دیدیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایک ہزار روپے سے زائد رقم نکلوانے پر پابندی کے میسجر ملنے پر وام میں بڑے پیمانے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی اور لوگ حیران رہ گئے کہ یہ کس قسم کا اقدام ہے۔بڑے پیمانے پرعوامی شکایات کے بعد اسٹیٹ بینک نے معاملے کا فوری نوٹس لیا اور وضاحت جاری کردی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری وضاحتی میسج میں بتایا گیا کہ مارکیٹ میں اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر پابندی سے متعلق جھوٹے میسجززیرگردش ہیں،اگرآپ کو اس قسم کے میسجز موصول ہوئے ہیں تو براہ مہربانی انہیں نظراندازکردیں۔
بعدازاں مختلف بینکوں کی جانب سے بھی اپنے صارفین کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ سٹیٹ بینک نے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی ہے اور اے ٹی ایم کا نظام پہلے کی طرح چل رہا ہے۔