پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت کی کشتی میں چھید کرکے اسے ڈبونے کے لیے عمران خان کے وزیراور مشیر ہی کافی ہیں ۔ خادمہ فردوس عاشق اعوان ، احتساب اکبر، بدزبان چوہان اورگل دغاباز جیسے پرندے گرمی برداشت نہیں کر سکتے، جلد نئے گھونسلوں کی تلاش میں نکل جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے فردوس عاشق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خلائی مخلوق نے عمران خان کو وہی پرندے دیے جو صرف ایک سیزن تک کارآمد ہوتے ہیں۔خادمہ باجی اگرنئے پاکستان میں کرپشن کے اسکینڈلز سامنے نہیں آرہے تو کیا یہ کرپشن کے ریکارڈ خلامیں قائم ہو رہے ہیں؟۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ سیاسی لوگ ہمیشہ تاریخ کے اوراق میں زندہ رہتے ہیں اورغیر سیاسی مہرے صرف ایک ٹرم کی پیداوار ہوتے ہیں۔جن لوگوں کا لیول کونسلر بننے کا نہیں تھا ان کو معاون خصوصی اور چمچے بھرتی کرلیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان کا کہناتھا کہ عمران خان کو بھی واہ واہ کرنے والے چمچوں کی ضرورت ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کسی کواین آراو نہیں دوں گا تو چمچے ظل سبحانی کی شان میں قلابے ملا دیتے ہیں۔ پاکستانیوں پراس وقت شیخ چلی اور نورے حوالدارکی حکومت ہے جو غریبوں کا خون نچوڑ رہے ہیں۔