حکومت پاکستان نے روس کی کورونا ویکسین ‘اسپوٹنک’ کی بھی ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دے دی ہے اورحکام کا کہنا ہے کہ ویکسین کی پہلی کھیپ اس مہینے کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔
حکام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین کے استعمال کی اجازت ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے رجسٹریشن بورڈ کی جانب سے دی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ویکسین منگوانے کی اجازت مقامی دوا ساز ادارے اے جی پی فارما سیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ کو دی گئی ہے۔
پاکستان میں اب تک مختلف ممالک کی تین ویکسینزکو ہنگامی حالات میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے جن میں چینی کمپنی سائنو فارم کی ویکسین، برطانوی کمپنی ایسٹرا زینیکا کی ویکسین اور روسی ویکسین اسپوٹنک شامل ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کورونا وبا کے خلاف 92 فیصد موثر ہے۔
اے جی پی کے مطابق 50 ہزار خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ اسی مہینے پاکستان پہنچ جائے گی، روسی ویکسین کو منفی 18 ڈگری پراسٹور کرنا لازمی ہے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں دگنی قیمت پر مہیا کیے جانے کا خدشہ ہے۔