سندھ ہائیکورٹ نے گٹر کے پانی سے سبزیاں اگانے پرکارروائی کاحکم دیتے ہوئے سندھ فوڈ اتھارٹی سے سبزیوں کے نمونے کے نتائج اور سیکریٹری زراعت سے جامع جواب طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں گٹر کے پانی سے سبزیاں اگانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،پیش رفت رپورٹس پیش نہ کرنے پرعدالت متعلقہ حکام پربرہم ہو گئی،جسٹس محمد علی مظہرنے کہاکہ مطلب یہ ہواکوئی اپنی ذمے داری پوری نہیں کررہا،اتنا سنجیدہ معاملہ ہے کوئی محکمہ کام نہیں کررہا۔
عدالت نے فوڈ اتھارٹی سے استفسارکیاکہ گٹرکے پانی سے سبزیاں اگائی جارہی ہیں تو سبھی کا نقصان ہے ،بتائیں کتنے چھاپے مارے ،ایڈیشنل سیکریٹری زراعت نے کہاکہ بتائیں کیا زہریلے پانی سے سبزیاں کنٹرول کیں ،کمیٹی بنا دی گئی موسم کی وجہ سے رکاوٹ ہے۔جسٹس محمد علی مظہرنے کہاکہ اس سے موسم کاکیا تعلق ۔
ڈی سی کورنگی نے کہاکہ تین چاربارایکشن لیا، امن وامان کا مسئلہ ہوتاہے،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ سندھ فوڈ اتھارٹی کیا کررہی ہے، ڈائریکٹرلیگل سندھ فوڈ اتھارٹی نے کہاکہ ہم نے نمونے لیے جن کے نتیجے کے انتظار ہے ،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ آخر نمونوں کے نتائج میں اتنی تاخیر کیوں ۔
عدالت نے کہاکہ کیا ڈپٹی کمشنرزکو کارروائی کیلیے عدالتی حکم کی ضرورت ہے؟ ،کیا سندھ فوڈ اتھارٹی ہمارے فیصلے کاانتظارکرے گی ،جسٹس محمد علی مظہرنے کہاکہ ذمہ داری ادا کرنا ہر ادارے کا فرض ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کا ملیرندی میں گٹر سے سبزیاں اگانے پر کارروائی کا حکم دیدیا اورمتعلقہ حکام سے 17 فروری تک رپورٹس طلب کرلیں، عدالت نے سندھ فوڈ اتھارٹی سے سبزیوں کے نمونے کے نتائج اورسیکریٹری زراعت سے جامع جواب طلب کرلیا۔