وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد نوازشریف کے بیانیے کی نفی ہوگی، ارکان، پارٹی مؤقف پی ڈی ایم اجلاس میں پیش کریں گے، مریم نواز
وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد نوازشریف کے بیانیے کی نفی ہوگی، ارکان، پارٹی مؤقف پی ڈی ایم اجلاس میں پیش کریں گے، مریم نواز

لیگی پارلیمانی پارٹی اجلاس، وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی مخالفت

اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
راجہ ظفر الحق اور شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں پارٹی کی نائب صدر مریم نواز نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بیشتر ارکان نے وزیراعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد کی مخالفت کی اور ارکان نے رائے دی کی کہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد نوازشریف کے بیانیے کی نفی ہوگی۔
بیشتر ارکان کی رائے تھی کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے کسی کا سہارا لینا ہوگا، ان قوتوں کاسہارا لیناپڑے گا جنہیں ہم پارلیمنٹ سے باہر کرنا چاہتے ہیں۔
ارکان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی لیکن ایساہونا نہیں چاہیے۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پرپارٹی مؤقف پی ڈی ایم اجلاس میں پیش کریں گے۔
اجلاس میں تمام ارکان نے ہاتھ اٹھاکر نوازشریف کے ’ووٹ کوعزت دو‘ کے بیانے کی تائید کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینیٹر رانا مقبول نےکہاکہ مریم نواز جرات کے ساتھ نواز شریف کا مؤقف لے کر چل رہی ہیں جبکہ جاوید لطیف نےکہاکہ نوازشریف کے بیانیے کی ترجمانی پی ڈی ایم جلسوں میں نظرآرہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی گوہر نے کہاکہ مریم نواز کو جہاں ضرورت پڑی ہم شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے جبکہ سینیٹر مشاہد حسین سید نےکہاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر مؤثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔