عالمی شہرت یافتہ شاعرِاہلِ بیت ڈاکٹر ریحان اعظمی کا رضائے الہٰی سے کراچی میں انتقال ہو گیا،اہلِ خانہ کے مطابق ریحان اعظمی کافی عرصے سے علیل تھے۔
ڈاکٹر ریحان اعظمی کے اہلِ خانہ کے مطابق ان کی طبیعت خراب ہونے پر نہیں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کی حالت سنبھل نہیں سکی اور وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ڈاکٹر ریحان اعظمی 7 جولائی 1958ء کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے، انتقال کے وقت ان کی عمر 63 برس تھی۔
ڈاکٹر ریحان اعظمی نے 1974ء میں باقاعدہ شاعری کا آغازکیا اورایک طویل عرصہ پاکستان ٹیلی ویژن سے بحیثیت نغمہ نگار وابستہ رہے،انہوں نے ان گنت سوزوسلام اور نوحے تحریرکیے۔
انہوں نے 4 ہزار سے زائد نغمات سپردِ قلم کیے جن میں ایشیا کا مشہور ترین گانا ’ہواہوا اے ہوا‘ اور ’خوشبو بن کر مہک رہا ہے سارا پاکستان‘ شامل ہیں، ’ہواہوا اے ہوا‘ کو معروف گلوکار حسن جہانگیرنے گایا تھا۔