وہ عورت اپنی ہی جوانی کی تصویروں میں شوہر کے ساتھ خود کو پہچان نہیں پائی اور شوہر پر حملہ آور ہوگئی
وہ عورت اپنی ہی جوانی کی تصویروں میں شوہر کے ساتھ خود کو پہچان نہیں پائی اور شوہر پر حملہ آور ہوگئی

شکی بیوی نے اپنی ہی تصویریں دیکھ کر شوہر پر قاتلانہ حملہ کردیا

میکسیکو سٹی: چند ہفتے پہلے سونورا، میکسیکو سے تعلق رکھنے والی ایک شکی عورت نے اپنے شوہر پر چھری سے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا کیونکہ اس نے اپنے موبائل فون میں ایک ’جوان عورت‘ کے ساتھ اپنی انتہائی رومانوی تصویریں محفوظ کی ہوئی تھیں۔
تصویروں میں اپنے شوہر کو ایک جوان، خوبصورت اور انجان لڑکی کے ساتھ عشق لڑاتے دیکھ کر وہ اپنے شوہر پر چیخنے لگی اور اسے کچھ بولنے کا موقع دیئے بغیر ہی چھری لے کر اس پر چڑھ دوڑی۔
اس سے پہلے کہ شوہر سنبھلتا، غصے میں پاگل بیوی اسے چھری کے وار کرکے زخمی کرچکی تھی۔ شور شرابے اور مار پیٹ کی آوازیں سن کر پڑوسیوں نے بھی فوراً پولیس کو اطلاع دے دی اور پولیس اہلکار بھی چند منٹوں میں وہاں پہنچ گئے۔
اس دوران زخمی شوہر کسی نہ کسی طرح اپنی شکی مزاج بیوی کو یہ سمجھانے میں کامیاب ہوچکا تھا کہ ان تصویروں میں ’جوان لڑکی‘ کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود ہے؛ اور یہ تصویریں ان دونوں کی جوانی کے زمانے کی ہیں جب وہ صرف گرل فرینڈ اور بوائے فرینڈ تھے۔
تب وہ نہ صرف جوان اور اسمارٹ تھی، بلکہ اپنے بوائے فرینڈ کو لبھانے کےلیے ہر وقت میک اپ میں بھی رہتی تھی۔
اپنے شوہر، جوآن کے کہنے پر جب لیونارا نامی اس خاتون نے وہ تصویریں غور سے دیکھیں تو اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا لیکن تب تک پولیس اسے گرفتار کرچکی تھی۔
خبروں کے مطابق، اس عورت پر اقدامِ قتل کا مقدمہ چل رہا ہے لیکن شوہر کا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ہوا، اس کی وجہ صرف غلط فہمی تھی جو دور ہوچکی ہے۔
البتہ میکسیکو میں گھریلو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کےلیے وہاں کی حکومت سخت اقدامات کر رہی ہے جن پر عمل درآمد کی صورت میں اس خاتون کی سزا لگ بھگ یقینی ہے۔