ملائیشیا میں ضبط کیا گیا قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کا طیارہ پاکستان کے حوالے کردیا گیا۔
پی آئی اے اور لیزنگ کمپنی کے درمیان معاملات طے پاگئے جس کے بعد باہمی رضامندی سے ملائیشین عدالت میں درج کیس خارج کردیا اور ضبط کیا گیا طیارہ قومی ایئر لائن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے طیارے کی پاکستان کو حوالگی کی تصدیق کی ہے اورکہا ہے کہ آج جہاز کے عملے کو ملائیشیا روانہ کیا جائے گا اور اگلے دو روز میں طیارے کو پاکستان واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے کو دوبارہ مسافر طیارے کے طور پر ہی آپریٹ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کچھ روز پہلے لیزکی رقم کے تنازعے پر لیزنگ کمپنی نے ملائیشین دارالحکومت کوالا لمپور کے ایئر پورٹ پر ہی پی آئی اے کے طیارے کو ضبط کرلیا تھا۔ یہ ضبطگی ملائیشین عدالت کے حکم امتناع کے بعد ہوئی تھی۔
پاکستان میں حکام کا موقف ہے کہ طیارے کے حوالے سے برطانیہ کی عدالت میں کیس پہلے ہی زیر سماعت ہے اس لیے ملائیشین عدالت کی دخل اندازی غیر ضروری تھی۔