اسلام آباد ہائیکورٹ نے نمل یونیورسٹی کے طلبہ کی آن لائن امتحان دینے کی درخواست ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے نمل یونیورسٹی کے طلبہ کی درخواست پر سماعت کی جس میں آن لائن امتحان لینے کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو بھجوا دی اور کہا کہ خالص پالیسی معاملہ ہے مداخلت نہیں کریں گے لہٰذا ہائیر ایجوکیشن کمیشن پالیسی کے مطابق فیصلہ کرے۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ طلبہ کورونا کی وجہ سے اپنے اپنے علاقوں میں گئے ہیں، پہلے نمل نے آن لائن امتحان کا کہا اب کیمپس امتحان لینا چاہتے ہیں، ہم نے آن لائن پڑھا ہے اب کیمپس امتحان کیسے دے سکتے ہیں؟
اس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ یہ کوئی وجہ نہیں جو آپ بتا رہے ہیں، اس کیس میں نہ کوئی امتیاز سلوک کا مسئلہ ہے نا ہی قانون کی کوئی خلاف ورزی کی گئی۔