سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی مہندی کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے صرف زرداری و بھٹو خاندان اور دُلہے کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی مہندی کی تقریب کراچی بلاول ہاؤس میں ہوئی۔ تقریب میں زرداری اور بھٹو خاندان کے قریبی افراد سمیت دولہا کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔ کورونا وائرس کی وجہ سے تقریب میں مہمانوں کی تعداد انتہائی محدود تھی۔
ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد نے بختاور بھٹو کی مہندی کی رسم ادا کی۔ تقریب میں مہمانوں کی تواضع بریانی، قورمہ، فرائیڈ چکن اور حلوے سے کی گئی۔ بلاول ہاؤس کے لان کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا۔
تقریب میں رسم مہندی کے موقع پر مختلف دُھنیں بھی بجائی جاتی رہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام وقت مہمانوں کے ساتھ گزارا۔ بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
بختاور بھٹو ذرداری کے نکاح کی تقریب 29 جنوری اور بارات 30 جنوری کو ہوگی۔