وزیراعظم عمران خان کے دوست ،پاکستانی بزنس مین اور ابراج گروپ کے بانی عارف نقوی کو امریکا کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، برطانوی عدالت نے امریکا کی درخواست پر حوالگی کا فیصلہ سنایا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں مختلف الزامات میں مقدمات کا سامنا کرنے والے دبئی کی نجی کمپنی ابراج کیپیٹل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو عارف نقوی کو برطانوی عدالت نے امریکہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لندن کی ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کورٹ نے عارف نقوی سے متعلق مقدمہ کا فیصلہ سنایا۔
عارف نقوی کو منی لانڈرنگ سمیت 16الزامات کا سامنا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جعل سازی اورمنی لانڈرنگ سمیت 16الزامات پرعارف نقوی کو 300برس تک کی سزا ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ 12اپریل2019کو یو اے ای کی تباہ حال پرائیویٹ ایکویٹی فرم ابراج کیپیٹل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹیو اور مینیجنگ پارٹنر کو اپنے سرمایہ کاروں سے فراڈ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔
امریکی فیڈرل پراسیکیوٹر کے مطابق ابراج کیپیٹل کی دھوکا دہی سے متاثرہ افراد کی فہرست میں مائیکرو سافٹ کے سربراہ بل گیٹس کی گیٹس اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا نام بھی شامل ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق مین ہیٹن فیڈرل کورٹ میں سماعت کے موقع پرامریکی اسسٹنٹ اٹارنی اینڈریا گریسوالڈ نے عدالت کو بتایا تھا کہ ابراج کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو عارف نقوی کو لندن جبکہ گروپ کے مینجنگ پارٹر مصطفیٰ عبدالودود کو نیویارک کے ایک ہوٹل سے حراست میں لیا گیا تھا۔