حکومت نے ڈینئل پرل قتل کیس میں ملزم عمر شیخ کی رہائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل دائرکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان اٹارنی جنرل آفس کا کہنا ہےکہ اس سلسلے میں جلد نظرثانی اپیل دائرکی جائےگی جس میں سپریم کورٹ سے عمرشیخ اوراس کے ساتھیوں کی بریت کا فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی جائے گی جبکہ اس معاملے پر وفاقی حکومت سندھ حکومت سے مکمل رابطے میں ہے۔
ترجمان اٹارنی جنرل آفس نے کہا کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں صوبائی حکومت کو ہرممکن قانونی مدد فراہم کرے گی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ عمر شیخ کی رہائی کے آرڈر پر نظرثانی میں جائیں گے ،عمر شیخ نے ڈینئل پرل قتل کیس میں ملوث ہونے کو قبول کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس فیصلے پرناراض
وائٹ ہاؤس نے ڈینئل پرل قتل کیس کے ملزم کی رہائی کے پاکستانی عدالت کے احکامات پرناراضی کا اظہارکیا ہے۔
وائٹ ہاؤس ترجمان Jen Psaki نے بریفنگ میں حکومت پاکستان پر زرو دیا کہ فیصلے پر نظر ثانی کے لیے قانونی چارہ جوئی کی جائے ۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز امریکی صحافی ڈینئل پرل قتل کیس کے ایک ملزم عمر شیخ کی رہائی روکنے کے لیے سندھ حکومت کی اپیل مسترد کی اورعمر شیخ کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔