قومی اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس کی صدارت اسپیکر اسد قیصر نے کی جس میں حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں نے ایک دوسرے پر تنقید کے نشتر برسائے۔
مشیر احتساب و داخلہ شہزاد اکبر براڈ شیٹ کے معاملے پر تفصیلات فراہم کر چکے تو پاکستان پیپلزپارٹی رکن اسمبلی سید نوید قمر نے سپلیمنٹری سوال کی اجازت مانگی جو مل گئی۔
احسن اقبال نے بھی سپلیمنٹری سوال کی استدعا کی تو اسپیکرقومی اسمبلی نے اجازت نہیں دی۔ اجازت نہ ملنے پر ن لیگی رہنما نے اعتراض اٹھایا۔
اعتراض پر اسپیکر اسد قیصر نے ن لیگی رکن کو ڈانٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ خود وفاقی وزیر رہے ہیں، خود کو پروفیسر کہتے ہیں، کیا بات کرنے کا یہ طریقہ کار ہے۔
اسپیکر نے اصرار کے باوجود احسن اقبال کو سوال کی اجازت نہیں دی۔ انہوں نے کہا قوانین کے مطابق دو سپلیمنٹری سوالوں کی اجازت پہلے ہی دی جا چکی ہے مزید سپلیمنڑی سوال نہیں ہو سکتے۔