حکومت نے ایک ماہ میں دوسری بارعوام پرپٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا اعلان کردیا،پٹرولیم مصنوعات میں تین روپے 54 پیسے تک اضافہ کیا گیا ہے جو نافذ العمل ہو گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں دو روپے 70 پیسے ،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 88 پیسے،مٹی کے تیل میں تین روپے 54 پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی تھی جس کے مطابق پیٹرول 12روپے فی لیٹر تک مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی تھی ۔
اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی جانے والی سمری میں ڈیزل 10 روپے، مٹی کا تیل سات اور لائٹ ڈیزل ساڑھے پانچ روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی ۔اوگرا نے سمری 30روپے فی لیٹر لیوی کی بنیاد پر تیار کی تھی، پٹرول پر اس وقت 21روپے 56پیسے فی لیٹر لیوی عائد ہے جبکہ ڈیزل پر اس وقت 23 روپےنو پیسے فی لیٹر لیوی ہے۔