کراچی کے نجی کلب میں باکسنگ مقابلے میں لگنے والا پنچ باکسرکی زندگی کا آخری پنچ بن گیا۔
بلوچستان کے علاقے پشین سے تعلق رکھنے والے قومی سطح کے باکسر محمد اسلم خان گزشتہ رات کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر واقع پویلین کلب میں مقابلے کے دوران سر پر پنچ لگنے سے شدید زخمی ہوگئے تھے۔
اہل خانہ کے مطابق باکسر اسلم خان کو اسٹیڈیم روڈ پر نجی اسپتال پہنچایا گیا تھا جہاں اتوارکی دوپہر ڈھائی بجے ان کا انتقال ہوگیا۔
قریبی عزیز عبداللہ نے جیو ٹی وی کو بتایا کہ غسل کفن کے بعد اسلم کی میت بلوچستان میں آبائی شہر پشین روانہ کردی گئی ہے، اہل خانہ کے مطابق پشین کے معصوم بابا قبرستان میں پیر کی صبح 11 بجے نماز جنازہ اور تدفین ہوگی۔
قریبی عزیز اکرم خان کے مطابق اسلم خان فائٹ کے دوران پنچ لگنے سے زخمی ہوئے تھے، اس لیے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی، عبداللہ کے مطابق مرحوم باکسر اسلم خان نے بیوہ اور دو بیٹیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ انہیں واقعے کی اطلاع ملی ہے، اس مقابلے کا پولیس کو علم نہیں تھا اور نہ ہی کسی نے باکسنگ مقابلے کے دوران موت کا مقدمہ درج کرایا۔
اُدھر گلستان جوہر تھانے کے ایس ایچ او اعظم گوپانگ کے مطابق پویلین کلب میں کسی باکسنگ مقابلے کا علم ہے اور نہ ہی کسی نے تھانہ گلستان جوہر میں اطلاع دی، ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا کھیل جس میں جان جانے کا خدشہ ہو سرکاری اجازت کے بغیر نہیں کرایا جا سکتا، انسپکٹر اعظم گوپانگ کے مطابق کسی بھی ایسی ایکٹیویٹی کی ڈپٹی کمشنر سے اجازت لی جاتی ہے، تھانے کو اجازت نامہ جمع کرایا جاتا ہے۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے حکومت سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا
دوسری جانب پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا کہنا ہےکہ یہ مقابلہ باکسنگ کونسل کے زیر اہتمام ہوا تھا جو کہ غیر قانونی ہے اور اس کا پاکستان میں باکسنگ سےکوئی تعلق نہیں۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے حکومت سے باکسرکی ہلاکت پر تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے طور پر بھی معاملےکی تحقیقات کے لیےکمیٹی بنادی ہے۔
باکسنگ مقابلوں کے وقت میڈیکل ٹیم موجود ہو۔ عامر خان
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا کہ باؤٹ دیکھ کر لگ رہا تھا کہ وفات پانے والے باکسر اسلم کے حریف کا وزن اس سے زیادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ باکسنگ مقابلوں کے وقت میڈیکل ٹیم موجود ہو۔
قومی باکسرمحمد وسیم کا کہنا ہےکہ پروفیشنل باکسنگ خطرناک ایونٹ ہے، یونہی ہرکوئی یہ ایونٹ نہیں کراسکتا، پروفیشنل فائٹ سے پہلےکے میڈیکل ایس اوپی ہوتے ہیں، یہاں کسی چیزکو فالو نہیں کیا جارہا۔