وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کے سائیڈ افیکٹس ہیں اس لیے ہر شخص اپنی ذمے داری پر کورونا ویکسین لگوائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بار بار کہتے ہیں کہ کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں، اس وقت لاہور میں 18 مقامات پر لاک ڈاؤن ہے، اللہ کا شکر ہےکورونا مریضوں کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدھ سے این سی او سی پورے ملک کو ویکسین فراہم کرے گی، پنجاب میں کانٹیکٹ ٹریسنگ باقی صوبوں سے زیادہ ہے، سرکاری اسپتالوں کے ساتھ پرائیویٹ اسپتالوں کے ہیلتھ ورکرز کو بھی مفت ویکسین دی جائے گی، دوسرے مرحلے میں ویکسین پہلے 60 اور پھر 50 سال سے زائد عمر لوگوں کو لگائی جائے گی جبکہ اگلے 4 سے 5 ماہ میں آبادی کے بڑے حصے کو ویکسین لگا دی جائے گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ابھی حتمی طور پر نہیں بتایا جا سکتا کہ ویکسین کتنی دیر تک موثر رہتی ہے، کسی بھی شخص یا کورونا مریض کو زبردستی ویکسین نہیں لگائی جا سکتی، کورونا وبا کے علاج پرآج بھی پوری دنیا میں تحقیق جاری ہے، عوام کو ویکسین کے سائیڈ افیکٹس سے ضرورآگاہ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کے سائیڈ ایفکٹس ہیں، کچھ ممالک میں کورونا ویکسین لگانے سے اموات بھی ہوئی ہیں، ہر شخص اپنی ذمے داری پر ویکسین لگوائے گا۔