پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے 25 ایم این ایز ہمارے رابطے میں ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جب یہ حکومت آئی توسب سے پہلا بحران پیدا ہوا، ملک معاشی طوراور سیاسی طور پرختم کردیا گیا، کل رات عوام پرپیٹرول بم گرادیا گیا، 50 لاکھ گھراورایک کروڑ نوکریاں تونہیں دیں، البتہ ادارے بند کیے گئے اور پشاورسے کراچی تک گھر مسمارکیے جارہے ہیں، جب کہ بنی گلہ کومستقل کیا گیا، کہتے تھے چھوٹی کابینہ بناؤں گا اور سب سے بڑی بنادی۔
فیصل کریم کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کرپشن سے پاک پاکستان بنانے جارہے تھے، کرپشن میں ملک کوآگے کردیا، براڈشیٹ بھی اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، نیب کے اوپرایف آئی آر ہے، کرائے کے ترجمان کہتے ہیں یہ مدینے کی ریاست بنائیں گے کیا اس طرح بنائیں گے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ پیپلزپارٹی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتی لیکن تحریک انصاف کے 25 ایم این اے ہمارے رابطے میں ہیں، سلیکٹرزان پر سے ہاتھ ہٹھا دیں تو ایک ہفتے میں ان کی حکومت ختم ہوگی، سلیکٹرز سیاستدانوں کو سیاست کرنے دیں۔ استعفوں سے پیچھے نہیں ہٹھے ہمارے استعفیٰ ایٹم بم ہیں، جو بھی پی ڈی ایم کا متفقہ فیصلہ ہے اس پرعمل کریں گے، ہم سے وہ این آر او مانگ رہے ہیں ہم دے نہیں رہے ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سال کے شروع میں تخمینہ لگائیں تو پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے اضافہ ہوا ہے، پاکستان کو روز بہ روز نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، وزیراعظم کو ٹی وی اوربیوی سے پتا چلتا ہے پاکستان میں کیا ہورہاہے، یہ اپنے خلاف حقیقت سننا پسند نہیں کرتے ہیں۔