کراچی میں سندھ ہائیکورٹ میں پسند کی شادی کرنےوالی آرزو کی شوہر کو حوالگی کے معاملے پر سماعت ہوئی، دوران سماعت نومسلمہ آرزو کی والدہ نے علی اظہرکے وکیل کو جوتا دے مارا۔
پسند کی شادی کرنےوالی آرزوکے شوہرعلی اظہر نے سیشن عدالت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، عدالتی حکم پر شیلٹر ہوم انتظامیہ نے آرزو فاطمہ کو بھی عدالت میں پیش کردیا۔
دوران سماعت عدالت نے نومسلمہ آروز کے والد سے تحریری جواب مانگ لیا، عدالت نے دیگر فریقین سے بھی جواب طلب کرلیا۔
نومسلمہ آرزو کے والد کے وکیل جبران ناصر نے جواب جمع کرانے کی مہلت مانگ لی۔ علی اظہر کے وکیل نظار تنولی نے کہا کہ آرزو اسلام قبول کرچکی ہے، آرزو کی حوالگی کے معاملے پر اسلامی اور شرعی قوانین لاگو ہوں۔
درخواست گزارنے کہا کہ سیشن عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے آرزو شوہر کے حوالے کی جائے۔
سماعت کے موقع پر آرزو کے اہل خانہ علی اظہر کے وکیل پر برس پڑے، آرزو کی والدہ اور علی اظہر کے وکیل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس کے بعد آرزو کے اہل خانہ کے وکیل نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔