اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کو کشمیریوں کے فیصلے کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں جبکہ اسی عمران خان نے کہا تھا کہ مودی کامیاب ہوا تو مسئلہ کشمیر حل ہوجائے گا۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ’یوم یکجہتی کشمیر‘ کے جلسے سے خطاب میں فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت 2018 کے الیکشن میں دھاندلی سے وجود میں آئی ہے، اس حکومت نے گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کی اور اب یہ حکومت آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن میں بھی دھاندلی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم انہیں آزاد کشمیرکے انتخابات میں دھاندلی کرنے نہیں دیں گے، کوئی امیدوارجو پی پی یا ن لیگ کا تھا وہ پی ٹی آئی میں جائے گا تو غدار کشمیر تصور ہوگا، وہ غدار کشمیریوں کے ووٹ کا حقدار نہیں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ بھارتی انتخابات سے قبل اسی عمران خان نے کہا تھا کہ مودی کامیاب ہوا تو مسئلہ کشمیر حل ہوجائے گا، مودی، عمران اور ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کیا ، کشمیر ایک نظریاتی مسئلہ ہے اور اس نااہل حکومت کو کشمیریوں کے فیصلے کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھارت نے جو فیصلہ کشمیری عوام کے خلاف کیا ہے وہ اسے واپس لینا پڑے گا۔